حفاظتی کِٹس کیلئے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز حکومت کو بلیک میل کرنے پر اتر آئے حفاظتی کِٹس کیلئے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز حکومت کو بلیک میل کرنے پر اتر آئے
لاہور میں حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ڈاکٹرز نے حفاظتی کٹس کی عدم... حفاظتی کِٹس کیلئے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز حکومت کو بلیک میل کرنے پر اتر آئے

لاہور میں حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔

ڈاکٹرز نے حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کو جواز بنا کر اپنےدیگر مطالبات بھی پیش کر دیے، ان کے مطالبات میں پی آئی سی واقعے میں برطرف 4 ڈ اکٹروں کی بحالی، کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر عارضی بھرتی ہونے والے ساڑھے 4 ہزار ڈاکٹرز اور نرسز کو مستقل کرنے سمیت تمام ڈاکٹروں کو ڈبل تنخواہیں دیناشامل ہیں۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا لاہور میں ہیلتھ سیکرٹریٹ کے سامنے گزشتہ روز سے دھرنا جاری ہے۔

محکمہ صحت کے دفترمیں داخل ہونے کی کوشش پرپولیس نے ڈاکٹرز کو روکا تو ان کی پولیس سے دھکم پیل ہوگئی اور بعد میں معاملہ طےپانے پر ڈاکٹروں نے پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔

محکمہ صحت کے مطابق حفاظتی کِٹس ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں لیکن اس کی آڑ میں انہوں نے دوسرے مطالبات ہمارے سامنے رکھ دیے ہیں، جس کا ابھی کوئی جواز نہیں بنتا۔

دوسری جانب گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ ان کا بڑا مطالبہ حفاظتی کِٹس فراہم کرنے کا ہے۔

ادھر محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث اپنا دفتر عارضی طور پر گلبرگ میں منتقل کر لیاہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیخلاف برسرپیکار ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو حفاظتی کٹس کی کمی کا سامنا ہے تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ وہ بتدریج اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

alphanew