کل تک گورنر خود یا کسی نمائندے کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں: لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی... کل تک گورنر خود یا کسی نمائندے کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں: لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔ 

جسٹس امیر بھٹی نے مختصر فیصلے میں کہا کہ 25 دن سے صوبے میں حکومت موجود نہیں، حلف میں تاخیر آئین کے خلاف ہے، کل تک گورنر پنجاب خود یا کسی نمائندے کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں۔

عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ آفس آج ہی فیصلہ صدر اور گورنر کو بھیجے۔

گزشتہ روز دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیے تھے کہ صدر مملکت سو رہے تھے، عدالت نے اپنے فیصلے سے انہیں جگایا۔

جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیے تھے کہ عدالت نے صدر کو یاد کرایا کہ آپ ریاست کے سربراہ ہیں، شاید انہیں سمجھ نہیں آئی، عدالت کو یہ بتا دیں کہ کیا صدر اسے حل کر رہے ہیں؟ صدر کو احساس نہیں ہوسکا کہ صوبے کا کیا کرنا ہے، تو کوئی فیصلہ کر کے بھیج دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ حمزہ شہباز شریف نے عدالتی حکم کے باوجود حلف نہ لینے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ 

alphanew