اپوزیشن اپنے بچھائے جال میں پھنس چکی ہے: شیخ رشید
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور میں ملاقات کی جس میں تحریک عدم اعتماد اور صوبے میں امن... اپوزیشن اپنے بچھائے جال میں پھنس چکی ہے: شیخ رشید

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور میں ملاقات کی جس میں تحریک عدم اعتماد اور صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شیخ رشید اور عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے روز اپوزیشن کو بڑا سرپرائز ملے گا، دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں، قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں، اپوزیشن اپنے بچھائے جال میں پھنس چکی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، ن لیگ لانگ مارچ کا شیڈول فراہم کرے۔

alphanew