کراچی ٹیسٹ پاکستان کے ہاتھ سے نکلنے لگا، آسٹریلیا کو 489 رنز کی بڑی برتری
کراچی ٹیسٹ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا دکھائی دینے لگا، آسٹریلیا کو 489 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے... کراچی ٹیسٹ پاکستان کے ہاتھ سے نکلنے لگا، آسٹریلیا کو 489 رنز کی بڑی برتری

کراچی ٹیسٹ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا دکھائی دینے لگا، آسٹریلیا کو 489 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے۔ میچ کے تیسرے روس پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 408 رنز کے خسارے کے ساتھ 148 رنز  پر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے اپنی دوسری اننگز شروع کی اور تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے تھے۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز

قبل ازیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 505 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے کیا اور 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔

پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 160، ایلکس کارے 93 اور اسٹیو اسمتھ 72 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہیں آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور بابر اعظم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی پہلی اننگز

آسٹریلیا کے 556 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے کیا لیکن عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر سوئپسن کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ امام الحق بھی بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اظہر علی کو مچل اسٹارک نے 14 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جبکہ اگلی ہی گیند پر فواد عالم بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 6 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ نعمان علی نے 20 اور شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز کی اننگز کھیلیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل سوئپسن کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ پیٹ کمنز، ناتھن لیون اور کیمرون گرین نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-0 سے برابر ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

alphanew