علیم خان کا اپنے ساتھیوں سمیت جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان
لاہور میں علیم خان اور جہانگیر ترین گروپ کا اہم اجلاس ہوا جس کے بعد علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا... علیم خان کا اپنے ساتھیوں سمیت جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان

لاہور میں علیم خان اور جہانگیر ترین گروپ کا اہم اجلاس ہوا جس کے بعد علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

جہانگیر ترین کے گھر پنجاب کے صوبائی وزراء اور  ارکان اسمبلی، علیم خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

پنجاب کے  وزیر زراعت نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، لالہ طاہر رندھاوا، آصف نکئی اور خرم لغاری جہانگیر ترین کے گھر پہنچنے والوں میں شامل تھے۔

سابق صوبائی وزیر علیم خان بھی جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے جبکہ اجلاس میں جہانگیر  ترین لندن سے وڈیو لنک پر شریک ہوئے۔ 

کیا جہانگیر ترین اور علیم خان کا ہدف پنجاب کی وزارت اعلیٰ ہوگی؟ اس سوال پر ترین گروپ کے رکن عون چوہدری نے کہا تھا کہ آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا۔

علیم خان اور جہانگیر ترین کے ساتھ کتنے ارکان ہیں؟

ذرائع کا بتانا ہے کہ علیم خان ایک ماہ میں 10 وزراء سمیت 40 ارکان صوبائی اسمبلی سے رابطے کر چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں جہانگیر ترین کے ساتھ 20 ایم پی اے ہیں، جہانگیرترین کے 20 ایم پی اے بھی اپوزیشن کا ساتھ دیں تو پنجاب میں عدم اعتماد ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ 65 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کرتے ہیں، دونوں مضبوط گروپ بناکر وزیراعلیٰ پنجاب کا مطالبہ رکھ سکتے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے وفاق میں ترین گروپ سے حمایت کی کوئی بات نہیں کی گئی۔

alphanew