پشاور دھماکا: وزیر داخلہ کی وزیراعظم کو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی پر بریفنگ
اسلام آباد: پشاور کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید کی اہم ملاقات... پشاور دھماکا: وزیر داخلہ کی وزیراعظم کو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی پر بریفنگ

اسلام آباد: پشاور کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے پشاور واقعے سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے پاکستان کے دورے پر موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دی جانےوالی سکیورٹی سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

خیال رہے کہ آج پشاور کی مسجد میں نماز جمعہ کے موقع پر خود کش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 56 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا اس حوالے سے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پشاور دھماکے کے حوالے سے کوئی تھریٹ الرٹ بھی جاری نہیں ہوا تھا، غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور دھماکا سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال کی کوششوں کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور اس نے اتنے برسوں تک سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہی پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی  کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوا ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی سکیورٹی وجوہات کی بناء پر دورہ اچانک ملتوی کردیا تھا جبکہ انگلینڈ نے بھی طے شدہ دورہ پاکستان ملتوی کردیا تھا۔

alphanew